لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام رواں سال انگلینڈ میں منعقد ہونے والے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے فائنل سکواڈ کو منتخب کرنے کے لیے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہو گئے، لیفٹ آرم سپنر عماد وسیم ،محمدحسنین اور یاسر شاہ فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل کرنے میں ناکام رہے جبکہ محمدرضوان اور شان مسعود فٹنس ٹیسٹ میں سپرفٹ قرار پائے ، کھلاڑی آج اور کل قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے قومی ٹیم کے متوقع23کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل ہو گئے۔ محمد نواز کا فٹنس ٹیسٹ تین روز پہلے ہی لے لیا گیا تھا جبکہ گزشتہ روز22کھلاڑیوںنے فٹنس ٹیسٹ دیا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے میڈیکل پینل اور ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی نگرانی میں کھلاڑیوں کا یو یو ٹیسٹ، بلیپ ٹیسٹ ، سٹرینتھ اور رننگ ٹیسٹ لیا گیا جس میں کھلاڑیوں نے بھر پور کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی فٹنس ثابت کی۔ پی سی بی نے ٹیسٹوں کا آفیشل نتیجہ تو نہیں دیا تاہم ذرائع کے مطابق عماد وسیم، محمد حسنین اور یاسر شاہ فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اوپنر عابد علی کے فٹنس لیول میں بھی خاطر خواہ بہتری آ ئی ہے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق جنید خان،شعیب ملک، حسن علی، محمد رضوان،فخر زمان، محمد حفیظ، شان مسعودنے یویوٹیسٹ،بیپ ٹیسٹ اور اسٹرنتھ ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ دوکلومیٹر رننگ ٹیسٹ میںاپنی فٹنس کا لوہا منوالیا۔ وکٹ کیپر محمد رضوان فٹنس لیول 20 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ حسن علی اورشان مسعود 19پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔آ صف علی کا فٹس لیول 18.5 جبکہ شاہین شاہ آفریدی کا فٹنس لیول 18 آ یا۔کپتان سرفراز احمد ،محمد عامر اور شعیب ملک ،عثمان شنواری ،شاداب خان نے بھی فٹنس ٹیسٹ کلیئر کر لئے۔ ذرائع کے مطابق عماد وسیم ،یاسر شاہ اور محمد حسنین ٹیم انتطامیہ کی جانب سے مقرر کئے فٹنس لیول 17.4تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ یاد رہے کہ عماد وسیم چند روز قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنے گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہو گئے تھے۔ اس طرح فٹنس لیول پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت پر سوالیہ نشان آ گیا ہے۔ کھلاڑی آج اور کل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔ دو روز بعد قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق 18اپریل کو ورلد کپ اور انگلینڈ کے دورہ کے لئے ٹیم کا اعلان کریں گے۔