پشاور : وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کاکہنا ہے کہ حیات آباد میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن مکمل کرلیاگیا ہے۔سیکیورٹی فورسز کا پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 کے ایک مکان میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گزشتہ 15 گھنٹوں سے جاری آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے حیات آباد فیزسیون کے سیکٹر ٹین کے گھر میں دہشتگردوں کی موجودگی کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔ جس میں دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نیتجے میں 5 دہشتگرد مارے گئے جبکہ اے ٹی ایس کا ایک جوان قمر عالم شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق پاک فوج اور ایس ایس جی کمانڈوز نے آپریشن میں حصہ لیا۔ آپریشن کو مکمل کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے نئی حکمت عملی اپنائی جس کے تحت مکان میں چھپے دہشت گردوں کی صحیح معلومات اور ٹھکانے کی نشاندہی کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا گیا۔سیکیورٹی فورسزنےمکان کی بیسمنٹ اورگراؤنڈ فلورکوکلیئرکرالیا جبکہ اطراف کےگھروں کو بھی خالی کرالیا گیا ہے۔اس موقع پر کورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل مظہرشاہین نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور آپریشن کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔
انکا کہنا تھا کہ جوانوں نےبہترین حکمت عملی سےعوام کی حفاظت یقینی بنائی ہے۔ انہوں نے جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ حیات آباد میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن مکمل کرلیاگیا۔ مکان کو کلیئر کیا جارہا ہے جس کے بارے میں 15 منٹ بعد آگاہ کروں گا۔