مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان اور بھارت کے درمیان تلخی جاری رہے گی: میرواعظ

Apr 16, 2019 | 21:35

ویب ڈیسک

مقبوضہ کشمیرمیں میرواعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان خاص طورپر پونچھ اور راجوری سیکٹروں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش ظاہر کی ہے جس سے کنٹرول لائن پر بھاری جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے ۔

حریت فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے اور جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کرلیاجاتا بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں بہتری ممکن نہیں۔

سرینگر سینٹرل جیل میں نظربند کشمیریوں نے اپنے مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔جیل میں نظربندوں سے ملاقات کرنیوالی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء پر مشتمل ایک پانچ رکنی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ نظربندوں کو اپنے اہلخانہ اور ملاقاتیوں سے ملنے کی اجازت نہیں ہے ۔

جیلوں میں نظربند کشمیریوں کے اہلخانہ نے قیدیوں کی جانوں کو درپیش خطرات کے خلاف آج پریس انکلیو سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہاکہ قیدی جیلوں میں محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے قابض انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ جیلوں کو گوانتاناموبے میں تبدیل نہ کرے۔

تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سینٹرل جیل سرینگر میں نظربند کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کی۔

برطانیہ میں مقیم ایک دانشور اویناش پلیوال نے لندن میں ایک میڈیاانٹرویو میں کہاکہ مذاکرات کے ذریعے پائیدار حل سے ہی جموں وکشمیر کے مسئلے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان دوبارہ کسی تصام سے بچا جاسکتاہے ۔

مزیدخبریں