ریاض (نیٹ نیوز) اجلاس میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے جائزے سے متعلق پاکستانی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دیدی گئی۔ سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کابینہ نے منگل کو شاہ سلمان کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس کے دوران 16 قراردادیں منظور کی ہیں۔ کابینہ نے امریکہ کے ساتھ ایٹمی سلامتی کے تنظیمی امور میں تعاون اور تکنیکی معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ اجلاس میں تجدد پذیر توانائی کے منصوبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے‘ آئل اور پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے جائزے سے متعلق پاکستانی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کی بھی منظوری دی ہے۔ سعودی کابینہ نے طے کیا ہے کہ سیاحتی ویزوں کی میعاد میں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کا دورانیہ شمار نہیں کیا جائے گا۔ سعودی کابینہ نے سیول نیشنل یونیورسٹی کوریا کے قومی تجربات کے ادارے اور سیول نیشنل یونیورسٹی کے ہسپتال کے ساتھ وزار نیشنل گارڈز کی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دیدی ہے۔ سعودی کابینہ نے وزیرخزانہ کو زکوٰۃ کے مفاہمتی یادداشت کیلئے مختلف ممالک کے ساتھ مذاکرات کا اختیار تفویض کر دیا۔