فنڈنگ روکنے کا اعلان، عالمی ادارہ صحت کرونا کا ذمہ دار: ٹرمپ، فیصلہ نا مناسب ہے: انتونیو گوتریس

اسلام آباد+واشنگٹن+تہران (نوائے وقت نیوز))امریکی صد ر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لیے عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس کو دی جانے والی امداد کو روک دینے کا اعلان کیا ہے۔ادھراقوام متحدہ کے سکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ڈبلیو ایچ او کو مالی امداد روکنے کے امریکی فیصلے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ ایسے اقدامات کرنے کا وقت نہیں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کرونا وائرس کے حوالے معمول کی بریفنگ کے دوران ڈبلیو ایچ او کے لیے مالی امداد روکنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں اپنی انتظامیہ کو ہدایت کر رہا ہوں کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روک دیں اور ڈبلیو ایچ او کے کردار کا جائزہ لیں جس نے انتہائی بد انتظامی کی اور کرونا وائرس کے پھیلائو کو چھپایا ۔ ڈبلیو ایچ او اپنا بنیادی فرض ادا کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس کا احتساب ہونا چاہیے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او کی نا اہلی کی وجہ سے دنیا میں کرونا وائرس کے کیسیز بیس گنا بڑھ گئے۔ چین پر سفری پابندیاں لگانے کے ان کے مطالبے کی ڈبلیو ایچ او نے نکتہ چینی کی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا دنیا میں ہر طرح کی غلط معلومات پہنچائیں گئیں جس میں معلومات اور ہلاکتوں کے بارے میں غلط اطلاعات شامل تھیں۔ اگر ڈبلیو ایچ او چین میں جا کر اس وبا کا جائزہ لیتا تو زیادہ زندگیاں بچائی جا سکتی تھیں۔امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت پر الزام لگایا کہ اس نے زندگیاں بچانے سے زیادہ سیاسی بنیادوں پر فیصلے کیے اور وبا کے بارے میں چین کے دعووں کو ہی تسلیم کیا۔ادھراقو ام متحدہ کے سکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے صدر ٹرمپ کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ عالمی ادارہ صحت یا دیگر کسی ایسی انسانی تنظیم کو دی جانے والی مالی امداد اور دیگر وسائل کو روکنے کا یہ وقت نہیں ہے، جو کرونا وائرس کی عالمی وبا کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ میرا یہ یقین ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی ہر طرح سے مدد کی جانی چاہیے۔ کیوں کہ ایسا کرنا عالمی برادری کی طرف سے کووڈ انیس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔وقت آئے گا جب ہم دیکھ سکیں گے کہ کرونا کی وبا کیسے پھیلی اور عالمی سطح پر اس سے اتنی تباہی کیسے ہوئی، ابھی یہ وقت نہیںکہ عالمی ادارہ صحت کی امدادی کارروائیوں کے لیے اس کے وسائل کم کردیئے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن