بھارت میں مہلک کورونا وائرس 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے، ملک میں کورونا وائرس کے 941 نئے کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی، اس دوران کورونا وائرس سے 37 مزید افراد کی ہلاکت سے مرنے والوںکی تعداد 414 ہوگئی ہے۔ جمعرات کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک 12380 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 76 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 1489 افراد مکمل طور پر صحت مند ہوچکے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیلتا جارہا ہے۔ کورونا وائرس سے سب سے شدید طور سے دوچار ریاست مہاراشٹرمیں اب تک 2916 افراد متاثر ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں نو افراد کی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 187 ہو گئی ہے۔ ریاست میں انفیکشن کے 229 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک کی پانچ ریاستوں میں کورونا وائرس کے سات ہزار سے زیادہ کیسز ہیں۔ مہاراشٹر، دہلی، تامل ناڈو، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں کورونا وائرس کے کیسزمیں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ان پانچ ریاستوں میں کورونا وائرس کے 7746 کیسز ہوچکے ہیں جو بھارت میں اب تک متاثر لوگوں کی مجموعی تعداد کا 60 فیصد سے زیادہ ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 12380 اوروبا سے مرنے والوں کی تعداد 414 تک ہوگئی ہے۔