مظفرگڑھ میں پولیس نے مستحق خواتین کو گھر بلاکر ایک ہزار روپے کٹوتی کرنے والے احساس ایمرجنسی پروگرام کے ریٹیلر کو گرفتار کر لیا۔
شاہجمال کے علاقے میں حکومت کے اعلان کے باوجود امدادی سینٹر کی بجائے گھر پر امدادی رقم دیے جانے کا انکشاف ہوا جہاں رانا عارف نامی ریٹلر گھر پر متعدد خواتین کو بلا کر رقم تقسیم کررہا تھا۔
شاہجمال پولیس نے چھاپہ مار کر ریٹیلر رانا عارف کو ڈیوائس سمیت حراست میں لے لیا۔ ملزم خواتین کو گھر بلا کر ایک ہزار کٹوتی کرکے امدادی رقم دے رہا تھا۔
ملزم کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ خواتین کی شکایت پر پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق احساس ایمرجنسی پروگرام کے مستحق افراد سے دھوکا دہی اور ناجائز کٹوتی کے مخلتف تھانوں میں7 الگ الگ مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ شکایت موصول ہوتے ہی پولیس بروقت کارروائی کرتی ہے۔