برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے اپنی شادی سے حاصل ہونے والی 90 ہزار پاؤنڈز کی خطیر رقم کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لیے عطیہ کردی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جوڑے نے یہ رقم ایک فلاحی ادارے فیڈنگ بریٹین کو دی ہے جو اس بحران کے دنوں میں لوگوں کو کھانا فراہم کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ پہلے ہی طے تھا کہ جوڑے کی شادی پر نشریاتی اداروں کی جانب سے جو منافع حاصل ہوگا وہ جوڑا اپنی مرضی سے کسی بھی ادارے کو عطیہ کرسکے گا۔یہ رقم دراصل شادی کو نشر کرنے کے حقوق کی فروخت سے حاصل ہوئی ہے جس کا بڑا حصہ برطانوی نشریاتی ادارے سے حاصل ہوا ہے۔دوسری جانب جوڑے نے اس رقم کو عطیہ کرنے کے لیے جس ادارے کا انتخاب کیا ہے وہ کسی اور کا نہیں بلکہ کنٹربری چرچ کے اس بشپ کا ہے جنہوں نے جوڑے کی شادی کی رسومات ادا کیں۔ہیری اور میگھن نے چند ماہ قبل مذکورہ ادارے کی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا تھا، جبکہ رقم عطیہ کرنے سے پہلے انہوں نے بشپ سے فون پر گفتگو بھی کی جنہوں نے کرونا وائرس کے بحران کے دوران ادارے کی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔بشپ نے خطیر رقم عطیہ کرنے پر جوڑے کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس رقم سے ان کی امدادی سرگرمیوں میں مزید وسعت پیدا ہوگی۔بشپ کا ادارہ اس سے قبل متوسط طبقے کے اسکولوں میں بچوں کو ناشتہ اور ظہرانہ فراہم کر رہا تھا تاہم اب کرونا وائرس کے بحران میں ادارے نے خاندانوں کو کھانا دینا شروع کردیا ہے۔