ہرمشکل سے نمٹنے والی قوم کورونا وائرس کی وبا کے بحران سے بھی کامیابی سے نکلے گی. صدر ڈاکٹر عارف علوی

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے مسئلے پر کامیابی سے قابو پالے گی کیونکہ ماضی میں اس قوم نے کئی چیلنجز پر بہادری اور ہمت سے قابو پایا ہے۔

انہوں نے پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام جمعرات کے روز راولپنڈی میں پاکستان ریلوے کے قلیوں میں راشن تقسیم کرنے کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اتحاد اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔صدر نے اطمینان ظاہر کیا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت کوروناوائرس کی وبا پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔صدر نے جنہوں نے انسداد کورونا وائرس کارروائیوں میں حکومت کی مدد کیلئے قرنطینہ میں تبدیل کی جانے والی ٹرین کا بھی دورہ کیا ، کہا کہ اگرچہ تخمینے کے حساب سے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کم ہے تاہم لوگوں کو بار بار ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سمیت احتیاتی اقدامات میں لاپرواہی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی سرگرمیاں برقرار رکھنے کیلئے لاک ڈاون میں نرمی کرنے کا درست فیصلہ کیا،تاہم انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ کوروناوائرس کے پھیلاو کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرتے رہیں۔صدر نے کہا کہ پاکستان ایک باہمت قوم ہے جو دہشت گردی ،فرقہ واریت اور افغان پناہ گزینوں کے بحران سمیت آزمائش کی ہر گھڑی میں سرخرو ہوئی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم ہفتے کو علمائے کرام سے ملاقات کریں گے جس میں رمضا ن المبارک کے دوران باجماعت نماز اور صلو التروایح کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن