کلر سیداں (نامہ نگار)کلر سیداں کے نواحی علاقہ میں قائم سرکاری سکول کی غیر آباد بلڈنگ کے تالے ٹوٹ گئے۔نامعلوم چور سکول کی کھڑکیاں اور ٹوٹیاں لے اڑے۔سکول کی ہیڈمسٹریس کی درخواست پر تھانہ کلر سیداں پولیس نے مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔یونین کونسل نلہ مسلماناں میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول گڑھالہ جسے چار سال قبل پرائمری سکول کھندوٹ میں ضم کر دیا گیا تھا گزشتہ شب دو نامعلوم ملزمان سے سکول کی غیر آباد بلڈنگ میں داخل ہو کر واش رومز کی ٹوٹیاں اور کھڑکیاں چوری کر لیں جبکہ سکول کے قریب واقع ایک دکان کے تالے توڑ کر دکان میں موجود گھی کے ڈبے اور چار ہزار مالیت کے موبائل فونز کارڈز چوری کر لئے۔ادھر قائم مقام ایس ایچ او سب انسپکٹر سردار انصر محمود نے بتایا کہ دو ملزمان جن کا تعلق افغانستان سے ہے اور کچرے کا کاروبار کرتے ہیں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مسروقہ مال بھی برآمد کر لیا گیاہے۔ملزمان کو آج بروزجمعہ جسمانی ریمانڈ کیلئے مقامی عدالت پیش کیا جائے گا۔