لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) کرونا سے بچاؤکے حوالے سے ویکسین، ٹیکے اور ماسک سمیت دیگر اشیاء کی بآسانی فراہمی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے فاضل ہائی کورٹ کے روبرو درخواست دائر کی درخواست میں پنجاب حکومت ،محکمہ صحت، پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ،وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کرونا کی موجودہ لہر روکنے میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت شہریوں کو زندگی کا حق دینا ریاست کی ذمہ داری ہے حکومتی ناقص کارکردگی کی وجہ سے فیس ماسک، ہینڈ سینی ٹائزرز، ادویات، ویکسین ،ٹیکے بلیک میں فروخت ہو رہے ہیں شہری دہرا عذاب بھگتنے پر مجبور ہیں عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت کو کرونا سے بچاؤکے حوالے سے تمام اشیاء کی ارزاں داموں فراہمی یقینی بنانے کا حکم دے ۔کرونا سے بچاؤ کی ویکسین اور ٹیکوں کی فروخت پر پابندی عائد کرکے مفت فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
ویکسین، ٹیکے اور ماسک سمیت دیگر اشیاء کی بآسانی فراہمی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر
Apr 16, 2021