لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے پنجاب بھرمیں ابھی تک تین لاکھ نوے ہزارسے زائد بزرگ شہریوں کو کرونا ویکسین کی پہلی اور 90ہزارسے زائد بزرگ شہریوں کو دوسری ڈوز لگائی جا چکی ہے۔ پہلے رمضان المبارک کو صوبہ بھرمیں دونوں شفٹوں کے دوران 27323 بزرگ شہریوں کو کرونا ویکسن لگائی گئی۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا صوبہ بھرمیں ابھی تک مجموعی طور پر ساڑھے سات لاکھ سے زائد شہریوں کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر 20ہزار سے زائد شہریوں کو کرونا ویکسین لگانے کا ہدف دیا گیا ہے۔ عوام ویکسین لگوانے کے ساتھ ساتھ ماسک کے استعمال کو بھی لازمی یقینی بنائیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے رحمت اللعالمینﷺ سکالرشپ کا آغاز کردیا جو کہ قوم کیلئے بڑا تحفہ ہے۔ ملک بھر کی129 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے ضرورتمند انڈر گریجویٹ طلبہ اس سکالرشپ سے اپنی تعلیم کا حصول ممکن بنا سکیں گے۔ رمضان بازاروں کو کرونا کا گڑھ نہیں بننے دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان چوری کر کے بیوہ کے حق پر بھی ہاتھ صاف کرنے سے باز نہ آیا۔ شریف خاندان جاتی امراء کی متنازعہ زمین کی دستاویزات ملکیت دکھانے میں ناکام رہا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ (ن) لیگ کی باقیات ہر جگہ موجود ہیں۔ اس طرح کی باقیات ہر جگہ حقائق کو چھپانے کی کوشش کرتی ہیں۔ آپ ظل سبحانی کے احکامات کی تعظیم کرتے کرتے جیل نہ پہنچ جائیں۔
شریف خاندان جاتی امراء کی دستاویزات دکھانے میں ناکام رہا: فردوس عاشق
Apr 16, 2021