کرونا مسلسل تیسرے روز100 سے زائد اموات، 14 لاکھ ویکسین لگ چکی، اسد عمر

Apr 16, 2021

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں  گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے118 اموات ہوئیں جن میں سے 43 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے  جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار395 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپریل میں کرونا ویکسین کی مزید 3 کھیپ آ رہی ہیں۔ جون تک ڈیڑھ کروڑ عوام کو ویکسین لگانے کیلئے موجود ہو گی۔ پچاس سال اور اس سے زائد عمر کی تعداد ڈھائی کروڑ سے زیادہ ہے پچاس سال اور اس سے اوپر 18 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ شہری ویکسینیشن کیلئے خود کو رجسٹرڈ کروائیں ابھی تک 14 لاکھ سے زائد کرونا ویکسین کی ڈوز لگائی جا چکی ہیں۔ ملک میں  10 لاکھ 65 ہزار افراد کی ویکسینیشن کی جا چکی ہے۔ ساڑھے 3 لاکھ افراد کو ویکسین کی دوسری ڈوز لگ چکی ہے۔ لمز میں رجسٹرڈ ہونے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کی تعداد 6 لاکھ 40 ہزار ہے تین لاکھ 42 ہزار ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن ہو چکی ہے یہ ممکن نہیں سب رجسٹرڈ افراد کو ایک ساتھ ویکسین لگائی جا سکے۔ ویکسین کیلئے ٹریننگ عملہ اور مراز محدود ہیں۔ پوری دنیا میں مرحلہ وار ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ خیبر پی کے میں کرونا سے ایک اور ڈاکٹر جاں بحق‘ مردان ٹائپ ڈی ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر اقبال نے کرونا سے لڑتے لڑتے جان دیدی۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ملک میں کرونا کینسر میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پی ایم اے اعلامیہ کے مطابق کرونا کے باعث اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں کرونا ویکسین کا عمل سست روی کا شکار ہے۔ ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسینیشن کا عمل بھی سست روی کا شکار ہے۔ تمام معاملے پر سربراہ این سی او سی اسد عمر کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنئزر سینیٹر سیف اللہ نیازی بھی عالمی وباء کرونا کا شکار ہو گئے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے سیف اللہ نیازی اور کرونا میں مبتلا دیگر افراد کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ تمام لوگوں کو صحت و تندرستی عطا کرے۔ فیصل آباد الائیڈ ہسپتال میں کرونا کے مزید11 مریض چل بسے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کو بھی کرونا ہو گیا۔ بھیرہ میں عدالت ہائے دیوانی بھیرہ کے جج محمد آصف نواز کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ ترکی میں رمضان المبارک میں کرونا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے دو ہفتے کی پابندیاں لگا دی گئیں۔ ترکی میں رات کے کرفیو کے وقت میں اضافہ کرتے ہوئے 9 بجے کے بجائے 7 بجے سے صبح 5 بجے تک کردیا گیا ہے۔گزشتہ روز بھارت میں ریکارڈ 2 لاکھ نئے کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے اور ملک کے مالیاتی مرکز ممبئی میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا کیونکہ شہر میں کووڈ 19 کے مریضوں کا علاج کرنے والے بہت سے ہسپتالوں میں بستر اور آکسیجن کی رسد کی شدید قلت ہوگئی ہے۔ بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں ملک میں سامنے آنے والے کیسز کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ موجود ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 739 کووڈ 19 کیسز رپورٹ کیے۔ انڈیا کے امیر  افراد کا نام اس فہرست میں سب سے اوپر نظر آ رہا ہے جو دوسرے ممالک میں اس ویزا پروگرام کے تحت جانا چاہتے ہیں جس کے ذریعے سرمایہ  کاری کے  بدلے میں شہریت یا پھر رہائش کا حق دیا جاتا ہے۔
 

مزیدخبریں