حرم شریف اور مسجد نبوی میں ایس او پیز کے ساتھ ماہ صام کا آغاز

Apr 16, 2021

ممتاز احمد بڈانی

مکتوب طائف

ممتاز احمد بڈانی 

مسجد الحرام میں شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے عالم اسلام کی سلامتی اور خیر و عافیت کی دعا کی 

رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے ساتھ ہی حرم شریف ،مسجد نبوی میں رونقیں بحال ہو گئیں ۔سعودی عرب کی تمام علاقائی مساجد میں تراویح کا آغاز ہوچکا ہے ۔ نمازیوں کی محدودتعداد میں اول رمضان المبارک کی رات ایس او پیز کے ساتھ نماز تراویح 10 رکعتیں ادا کی گئیںمسجدالحرام میں امامت بندر بن عبدالعزیز بلیلہ اور شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کی۔مسجد الحرام میں شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے دعا کرائی جس میں عالم اسلام کی سلامتی اور خیر و عافیت کی دعا کی گئی۔ شریف میں نمازیں حرم کے اندر ادا کی گئیں جبکہ صحن مطاف میں معتمرین کا طواف جاری رھا مسجدنبوی میں بھی امامت شیخ احمد بن طالب اور شیخ بھیجان نے کی جبکہ نمازیوں نے ایس او پیز کے ساتھ نماز ادا کی۔ادارہ امور حرمین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے رمضان المبارک کے حوالے سے امت مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے عمرہ زائرین اور حرم مکی شریف میں آنے والوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شیخ السدیس نے رمضان المبارک کے حوالے سے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ’ماہ مبارک کا آغاز ہو چکا ہے مگر دنیا بھر کورونا کی وبا کی لیپٹ میں ہے ایسے میں ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقررہ ضوابط پر سختی سے عمل کرے تاکہ وبائی اثرات سے بچاجاسکے۔شیخ السدیس نے مزید کہا کہ حرمین شریفین آنے والوں کو چاہئے کہ وہ انتظامیہ کے اہلکاروں سے بھرپورتعاون کریں اور نظم وضبط کا خیال رکھتے ہوئے مقررہ ضوابط پرعمل کریں تاکہ خود اور دوسروں کی صحت متاثر نہ ہواور اس وبا کے اثرات سے محفوظ رہا جاسکے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ پہلی تراویح
امور حرمین شریفین کے سربراہ نے کورونا کی وبا کے حوالےسے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جلد ازجلد کورونا ویکسین لگوائیں تاکہ اس وبائی مرض سے محفوظ ہو سکیں۔ انہوں نے حرم شریف میں باجماعت نماز کے لیے آنے والے اور عمرہ زائرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کورونا سے بچاو کےلیے وزارت صحت کی جانب سے مقرکردہ ضوابط جن میں اہم ترین سماجی فاصلے کا اصول اور ماسک کا استعمال ہے پرہرصورت میں عمل کیاجائے علاوہ ازیں ہاتھوں کو صاف رکھیں جس کے لیے جراثیم کش محلول حرم شریف میں جگہ جگہ فراہم کیاگیاہے۔
واضح رہے گزشتہ برس رمضان المبارک کے دوران کورونا کی وبا کے باعث مملکت میں کرفیو اور لاک ڈاون تھا جس کی وجہ سے عمرہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
رمضان المبارک میں مملکت کے ہرشہر و قصبے سے شہری اور غیر ملکی عمرہ کی ادائیگی کےلیے آتے ہیں۔
 جبکہ بیرون ملک سے بھی لاکھوں کی تعداد میں عمرہ زائرین کی رمضان المبارک میں آتے ہیں مگرامسال کورونا کی وجہ سے اندرون ملک سے ہی محدود پیمانے پرلوگوں کو عمرہ کی اجازت دی جاتی ہے۔
اندرون مملکت سے عمرہ کرنےوالوں کے لیے ’اعتمرنا‘ اور توکلنا‘ ایپ پر پرمٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہےعلاوہ ازیں مسجد الحرم میں نماز باجماعت کی ادائیگی کےلیے بھی پرمٹ کا حصول لازمی ہوتا ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رمضان المبارک کے بابرکت ماہ کے آغاز میں کہا کہ ’الحمد للہ ہمیں اللہ کے کرم سے رمضان المبارک نصیب ہو گیا۔ دعا گو ہوں کہ وہ اس ماہ کو تمام مسلمانوں کے لیے خیر و برکت کا باعث بنا دے۔ شاہ سلمان نے رمضان کی آمد پر ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کورونا وبا سے نجات کی دعا بھی کی ہے۔ شاہ سلمان نے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ ’الحمد للہ رب کریم کے کرم سے ہمیں رمضان المبارک کا بابرکت ماہ نصیب ہوا۔ دعا گو ہوں کہ وہ اس ماہ کو تمام مسلمانوں کے لیے خیر و برکت کا باعث بنا دے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اللہ بزرگ و برتر سے یہ بھی دعا کرتا ہوں کہ وہ اس ماہ کو امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انسانوں کے لیے امن و سلامتی اور استحکام کا مہینہ بنا دے۔ ہمیں اور دنیا بھر کے انسانوں کو کورونا وبا بلکہ ہر بلا سے چھٹکارا دلا دے۔ رمضان مبارک ہو۔

مزیدخبریں