لندن (آئی این پی)برطانیہ نے چیلسی فٹ بال کلب کے مالک رومن ابرامووِچ کے دیرینہ کاروباری ساتھیوں، دو اور روسی شرفاء کے قریباً 10 ارب پاؤنڈ (13 ارب ڈالر) مالیت کے اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔برطانیہ نے چیلسی کے ڈائریکٹریوجین ٹینن بوم اور ڈیوڈ ڈیوڈووِچ کے خلاف نئی پابندیاں عاید کی ہیں۔ اس کے بعد فروری میں روس کے یوکرین پر حملے کے ردعمل میں لندن کی پابندیوں کی زد میں آنے والے روسی اشرافیہ،صدرولادی میر پوتین کے خاندان کے افراد اور ان کے قریبی ساتھیوں کی کل تعداد 106 ہو گئی ہے۔لندن حکومت کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی تاریخ میں سب سے بڑا اثاثہ منجمد ہونے سے روسی صدرولادی میر پوتین کی ’’جنگی مشین‘‘کے لیے آمدن کے اہم ذرائع میں کمی آئے گی۔برطانوی وزیرخارجہ لیزٹرس نے کہا کہ ’’ہم پوتین کی جنگی مشین پرگھیرا تنگ کر رہے ہیں اور کریملن کے قریب ترین لوگوں کے حلقے کو نشانہ بنا رہے ہیں‘‘۔انھوں نے کہا کہ جب تک ولادی میرپوتین یوکرین میں ناکام نہیں ہوجاتے،ہم پابندیاں عاید کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ کچھ بھی بعید نہیں اور کوئی بھی چیز خارج از امکان نہیں‘‘۔برطانیہ نے ڈیوڈووچ پربھی سفری پابندی عاید کی ہیں۔ فوربزکی رپورٹ کے مطابق ذاتی نمودونمائش سے دور ڈیوڈووِچ کوابرامووِچ کا ’’دست راست‘‘قرار دیا جاتا ہے۔ٹینن بوم ارب پتی ابرامووِچ کے قریبی کاروباری ساتھیوں میں سے ایک ہیں اورانھوں نے روس کے یوکرین پرحملے کے فوراً بعد ابرامووِچ سے منسلک سرمایہ کارکمپنی کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔جرسی کے برطانوی تاج(برٹش کراؤن) نے بدھ کے روز کہا کہ اس نے 7 ارب ڈالر (6.4 ارب یورو) سے زیادہ کے اثاثے منجمد کر رکھے ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان کا تعلق ابرامووِچ سے ہے۔برطانیہ نے گذشتہ ماہ صدرپوتین کے ساتھ قریبی روابط پراس کاروباری ٹائیکون ابرامووِچ پرپابندیاں عاید کی تھیں۔انھیں پہلے ہی چیلسی فٹ بال کلب کو فروخت کے لیے پیش کرنے پرمجبور کیا جا چکا ہے۔انھوں نے 2003 میں یہ کلب خرید کیا تھا۔ابرامووِچ روس کی ان نمایاں شخصیات میں بھی شامل تھے،جن پر مارچ میں یورپی یونین نے نئی پابندیاں عاید کی تھیں اور ان کے نام بلیک لسٹ کردیے تھے۔