تل ابیب+اسلام آباد( ترک ٹی وی +نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) اسرائیلی فورسز کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا ، آنسو گیس ، لاٹھی ،اور ربڑ کی گولیوں کا بے دریغ استعمال۔ خواتین اور فوٹو جرنلسٹ پر بہیمانہ تشدد۔ قابض صیہونی فوج نے 450 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔52 نمازی زخمی ہو گئے۔ دوسر عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد اقصیٰ میں نماز فجر کے بعد نمازیوں اور اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی، اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے نمازیوں کو زدوکوب کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز کی کارروائی میں 152 نمازی زخمی حالت میں لائے گئے جن میں درجن بھر کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔تر جما ن دفتر خا رجہ کے مطا بق پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے مختلف حصوں میں تازہ ترین پیش رفت پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔نمازیوں پر یہ انتہائی قابل مذمت حملہ، خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے میں، تمام انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے تشدد میں یہ اضافہ افسوسناک ہے۔ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ پاکستان عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بے گناہ فلسطینیوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کو برقرار رکھے۔پاکستان فلسطینی کاز کے لیے اپنی مستقل اور بلا روک ٹوک حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ہم فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے حصول اور دیگر بنیادی حقوق کے ساتھ ساتھ دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔