اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کیلئے مذید6گاڑیاں آن روڈ کردی جائیں گی

Apr 16, 2022


اسلام آباد (وقائع نگار)وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ شہر میں صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایات کی روشنی میں شعبہ سینی ٹیشن اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے شہر بھر سے روانہ کی بنیاد پر مختلف مقامات سے تقریباً چھ سو ٹن سے زائد مختلف اقسام کا کچرا اٹھا رہا ہے جسکو مختص مقام پر ڈمپ کیا جاتا ہے، اگلے ہفتے تک ایم پی او ڈرایکٹریٹ کی جانب سے سینی ٹیشن ونگ کی چھ مختلف اقسام کی گاڑیاں آن روڈ کردی جائیں گی۔مزیدبرآں کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لئے کچھ عرصہ قبل سینی ٹیشن ڈرایکٹریٹ کو چھ فیلڈ کی گاڑیاں مہیا کی گئیں تھیں جن میں پانچ شہزور اور ایک سوزکی پک اپ شامل تھی جنکی باڈی کو مکمل کور کردیا گیا تاکہ کچرے کو اکٹھا کرنے کی وجہ سے فضا میں تعفن پھیلنے کا اندیشہ نہ ہو۔علاوہ ازیں ڈمپنگ سائیٹس میں مزید گنجائش پیدا کرنے کے لئے بھی شعبہ سینی ٹیشن کی جانب سے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن میں ساٹھ ٹن کوڑا جمع کرنے والا بڑا کنٹینر کا ٹینڈر اگلے ہفتے اخبارات میں شائع کردیا جائے گا جسکو جلد ہی سسٹم میں شامل کرلیا جائے گا۔ اسی طرح پانچ سو گاربیج ٹرالیاں جسمیں فی ٹرالی ہاف ٹن کوڑا جمع کرنے کی گنجائش ہوتی ہے کو بھی جلد ہی سسٹم میں شامل کرلیا جائے گا جس سے کوڑا جمع کرنے کی استعداد کار میں اضافہ بھی ہوگا اور کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں ختم کرنے بھی مدد ملے گی۔ یہ گاربیج ٹرالیاں شہری سمیت دیہی علاقوں میں بھی نصب کی جائیں گی، اس موقع پر کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ سینی ٹیشن کی جانب سے عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کوڑے کرکٹ اور کچرا مختص کردہ مقامات اور گاربیج ٹرالیوں میں ہی تلف کریں اور شہر کو صاف ستھرا اور خوب صورت رکھنے میں ادارے کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

مزیدخبریں