حقیقی جمہوریت کیلئے جنگ، کارکن آج کراچی جلسہ میں قومی پرچم لائیں : عمران 

Apr 16, 2022

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ کے سربراہ مولانا محمد خان شیرانی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ اسد قیصر اور ڈاکٹر شہباز گل بھی ملاقات میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے انسداد اور پاکستان کی آزادی و خودمختاری کے تحفظ کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کی کاوشوں کی زبردست تحسین‘ عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے انسداد اور ناموس رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کے تحفظ کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کی خدمات غیرمعمولی ہیں۔ مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ عمران خان کا تصور ریاست مدینہ اور اس کے قیام کیلئے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آزادی و خود داری کا علم بلند کرنے والوں کیخلاف سامراج نے ہمیشہ سازش رچائی۔ مولانا شیرانی نے کہا کہ ضمیر فروش اور ملت فروش گروہ سے نہیں حبِ رسول مکرم علیہ الصلوٰۃ و السلام سے سرشار رہنما سے نسبت چاہتا ہوں‘ ملک و ملت کی سربلندی کی تحریک میں چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ ملکر اپنا حصہ ڈالیں گے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان کلمۃ اللہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔ اللہ کے سامنے جھکنے والوں کو غلام بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اقتدار کی بجائے اقدار اور قومی آزادی و خود مختاری کا تحفظ اہم ہے۔ عمران خان نے کہا کہ امریکی اشاروں پر متحرک کٹھ پتلیوں کو قوم کے مستقبل پر غلامی کی تاریکیاں طاری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اہلِ مذہب و دانش آگے بڑھیں اور قومی حمیت و اثاث ملی کے تحفظ کا فریضہ انجام دیں۔ عمران خان سے جمعہ کے روز مجلسِ وحدت المسلمین کے اعلیٰ سطحی وفد نے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور منشور کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر شیریں مزاری بھی موجود تھے۔ وفد نے ملکی آزادی و قومی خودمختاری کے تحفظ کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کے دوٹوک مؤقف کو سراہا۔ عمران خان نے کراچی جلسے کے شرکاء سے قومی پرچم ساتھ لانے کی اپیل کی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں ہمارے جلسے میں شرکت کیلئے آنے والوں سے میری گزارش ہے کہ وہ قومی پرچم اپنے ساتھ لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ امریکی شہ پر مقامی میر جعفروں کی معاونت سے حکومتیں بدلنے کیخلاف پاکستان کی خودمختاری اور حقیقی جمہوری کی ایک جنگ سے امپورٹڈ حکومت نامنظور۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کے نام اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ہم نے نامنظور ڈاٹ کام کی ایک ویب سائٹ بنائی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے اوورسیز پاکستانیوں سے پیسے اکٹھے کریں۔ یہ مہم اس لئے شروع کی ہے کہ ایک بیرونی سازش کے تحت رجیم چینج کرنے کی سازش کی گئی۔ میں جاگی ہوئی قوم کو اور جگا رہا ہوں۔ میری پوری کوشش ہے کہ اس سازش کو فیل کردوں۔ ایک ہی حل ہے کہ پاکستان کو الیکشن کی طرف لے جایا جائے اور عوام الیکشن کے ذریعے فیصلہ کریں کہ وہ ان چوروں کو چاہتے ہیں یا نہیں۔ لیکن یہ فیصلہ الیکشن میں ہو جس کے لئے ہم مہم شروع کر رہے ہیں جس کیلئے مجھے پیسے چاہئیں۔ کیونکہ یہی حقیقی آزادی کی کوشش ہے۔ عمران خان نے اسرائیلی فوجیوں کے  مسجد اقصیٰ پر حملے کی شدید ترین مذمت کی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد اقصیٰ پر قابض اسرائیلی فوجیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ مسجد اقصیٰ اہلِ اسلام کیلئے تیسرا مقدس ترین مقام ہے۔ آج دنیا بھر کے مسلمان اس حملے کا درد اپنے سینوں میں محسوس کرتے ہیں۔

مزیدخبریں