کراچی ، اسلام آباد (نیوز رپورٹر، خبرنگار خصوصی، نمائندہ خصوصی) معروف سماجی رہنما اور عبدالستار ایدھی کی بیوہ بلقیس ایدھی کراچی میں انتقال کر گئیں۔ ترجمان ایدھی کے مطابق بلقیس ایدھی گزشتہ ایک ماہ سے علیل اور نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ بلقیس ایدھی عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں۔ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد بلقیس ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بنی تھیں۔ بلقیس ایدھی کو عارضہ قلب کے ساتھ بلڈپریشر اور شوگر کا مرض بھی لاحق تھا۔ رمضان سے دو دن قبل ان کو دل کا دورہ پڑا تھا۔ فیصل ایدھی کے مطابق بلقیس ایدھی کی نمازجنازہ آج بعد نماز ظہر نیو میمن مسجد کھارادر میں ادا کی جائے گی۔ تدفین مرحومہ کی وصیت کے مطابق میوہ شاہ قبرستان میں کی جائے گی۔ بلقیس ایدھی کی عمر 74 سال تھی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے محترمہ بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بلقیس ایدھی نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا۔ وزیر اعظم نے بلقیس ایدھی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات بلند کرنے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے محترمہ بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک و قوم کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کو مقصد حیات بنانے والی شخصیت کے انتقال پر قوم سوگوار ہے۔ رب العزت سے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے بیگم بلقیس ایدھی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہبیگم بلقیس ایدھی نے انسانیت کی خدمت کیلئے عبدالستار ایدھی کا بھرپور ساتھ دیا۔ پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت ایدھی خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے بیٹے فیصل ایدھی کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ بلقیس ایدھی نے اپنے شوہر عبد الستار ایدھی( مرحوم) کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ سراج الحق، نائب امرا لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہا ہے کہ مرحومہ نے تمام زندگی معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کی خدمات اور رفاہی کاموںمیں عبدالستار ایدھی کا بھرپور ساتھ دیا، ان کی ملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔