جہانیاں (نامہ نگار،نمائندہ نوائے وقت)صدر لائرز فورم جہانیاں محمد لطیف خان خٹک نے کہا ہے کہ سامراجی قوتوں کے سامنے اللہ،رسولؐ ،پاکستان اور اسلام فوبیا کے خلاف بات کرنا عمران خان کا جرم بن گیا،غیر آئینی طریقے سے ایک آئینی اور منتخب وزیر اعظم کو اقتدار سے علیحدہ کیا گیا قوم اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے،پوری وکلاء برادری ملکی بقا کیلئے عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لائرز فورم جہانیاں کی جانب سے عمران خان کو بیرونی سازش کے ذریعے اقتدار سے ہٹائے جانے کے خلاف بار روم میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر بار چوہدری حبیب اللہ وڑائچ نے کہا کہ سفید کپڑوں میں ملبوس سیاسی ڈاکو پچھتر برسوں سے ملک کو لوٹ رہے ہیں۔پاکستانی قوم کو زندہ لاشیں بننے کی بجائے اپنے حقوق کیلئے میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔سابق صدر بار چوہدری جمال ناصر نے کہا کہ ملک کی جڑیں کرپشن مافیا نے کھوکھلی کر دیں،عمران خان نے سامراج کے سامنے کھڑے ہو کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا پاکستانی قوم کو بھی اب عمران خان کی کال پر لبیک کہنا ہوگا۔ملک عمر حیات میتلا نے کہا کہ ملک کو عراق،شام اور لیبیا بنانے کی سازش ہو رہی ہے، تقریب سے ملک افتخار الحسن میتلا،ملک شاہد حسن ٹانوری،مہر رفیق اوترا،ملک سہیل عباس میتلا،چوہدری عبدالرحمن جہانیاں،چوہدری ظفر اللہ کھرل سمیت دیگر وکلاء نے خطاب کیا۔