لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاہے کہ فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی ہر فارمیٹ کے ٹاپ ٹین بائولرز میں آنے کے حقدار ہیں، وہ جس طرح محنت کرتے ہیں اور پرفارمنس دیتے ہیں انہیں تو مزید آگے جانا ہے، وہ میرے لئے نمبر ون بائولر ہے۔ شاہین شاہ آفریدی ہر فارمیٹ میں ہر وقت جان مارتا ہے بحیثیت کپتان میں چاہتا ہوں اور میری دعا بھی ہے کہ شاہین آفریدی مزید آگے جائے، وہ رینکنگ میں بھی نمبر ون آئیگا۔ آسٹریلیا کا دورہ شاندار رہا، یہ خوش آئند بات ہے کہ اب دوسری ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں تینوں فارمیٹ میں اچھی کرکٹ ہوئی۔ سب سے اچھی بات یہ تھی کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے پاکستان میں خوب انجوائے کیا، مہمان ٹیم نے کرکٹ کو بھی انجوائے کیا اور میدان سے باہر بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔ اچھی چیز ہے کہ اس وقت قومی کرکٹرز کاونٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں، میں کاونٹی کرکٹ میں فور ڈے کرکٹ تو نہیں کھیلا لیکن میں نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلی ہوئی ہے میں سمجھتا ہوں کہ کاونٹی کرکٹ کھیلنے سے کھیل میں بہتری آتی ہے۔ انگلینڈ کی کنڈیشنز آسان نہیں ہوتیں، وہاں کھیلنا مشکل ہوتا ہے ایسے میں وہاں کھیل کر تجربہ ملتا ہے اور کھیل میں بہتری آتی ہے۔جب انہوں نے کھیلنا شروع کیا تو تب اس قدر سہولیات نہیں تھیں جتنی اب بچوں اور نوجوانوں کو دستیاب ہیں۔ اب انڈور ہالز ہیں، جمز ہیں اور سوئمنگ پولز بھی ہیں۔، اس سے بچوں اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سے فائدہ اٹھانا چاہیے، جتنا فائدہ اٹھائیں گے اتنا ان کیلئے اچھا ہے۔ جب میں نے کرکٹ شروع کی تو اس وقت جو بھی سہولیات دستیاب تھِیں میں ان سے سو فیصد فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا تھا، اب میں بچوں کو بھی یہی کہوں گا کہ جو دل کرتا ہے وہ کھیلیں، کسی کے کہنے پر زبردستی کھیل مت شروع کریں اپنی پسند کا کھیل منتخب کریں اور اس میں محنت کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ گالف کھیل کر انجوائے کرتے ہیں لیکن وہ صرف گالف ہی نہیں کھیلتے وہ کرکٹ سے ہٹ کر دیگر کھیلوں میں بھی حصہ لیتے ہیں اور ان کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں اس کا مجھے مزہ آتا ہے۔
انگلینڈ کی کنڈیشنز آسان نہیں ‘کائونٹی سے تجربہ ملتاہے : بابر اعظم
Apr 16, 2022