حضرو(نمائندہ نوائے وقت )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی دراصل آئین پاکستان اور جہوریت کی کامیابی ہے گزشتہ ہونے چار سالوں کے دوران اس نااہل سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سے جہاں پاکستان کی قومی ترقی کی سالانہ شرح 6 فیصد سے کم ہو کر 1 فیصد پر آ گئی وہاں۔ مہنگائی 4 فیصد سے بڑھ کر 14 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ بیرونی قرضہ جو گزشتہ حکومت نے 24 ارب ڈالر پر چھوڑا تھا سلیکٹڈ اسے 52 ارب ڈالر تک لے گیا ہے۔ ڈالر 106 روپے سے 190 روپے اور ڈیزل کی قیمت 62 روپے سے 150 روپے پر پہنچ چکی ہے۔ نااہل حکومت نے غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا تھا۔ پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کر کے انکروچمنٹ کے نام پر غریبوں سے چھت ہی چھین لیے۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ اس طرح پورا کیا کہ پاکستان سٹیل، او جی ڈی سی، پی آئی اے جیسے وفاقی اداروں سے لاکھوں پاکستانیوں کو نکال باہر کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی ان تمام محنت کشوں کو بحال کرے گی۔ عمران حکومت نے پہلی دفعہ پاکستانی عوام پر ملٹی پل ٹیکسز عائد کیے مگر بدلے میں کوئی نئی سہولت دینے کی بجائے پہلے سے موجود سہولتیں چھین لیں۔ آج پاکستان کے روڈز کا سٹریکچر تقریباً تباہ ہو چکا ہے۔