چکوال (نامہ نگار)ضلع بھر میں پولی تھین/شا پنگ بیگز کا استعمال روکنے کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے،اسسٹنٹ کمشنر چکوال سلیمان اکبر نے شاپنگ بیگز فروخت کرنے والی 12 دکانیں سیل کرکے میٹریل کو ضبط کرلیا۔ عدالت عالیہ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلع بھر میں پولی تھین/شاپنگ بیگز کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی کا سختی سے نفاذ یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے افسران ہر تحصیل کی سطح پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں،اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر چکوال نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر چکوال کیپٹن (ر) بلال ہاشم کی ہدایات پر شہری علاقوں میں پولی تھین/ شاپنگ بیگز کے خلاف کارروائی کے دوران 12 دکانیں سیل کی گئیں اور پکڑا گیا میٹیریل بھی ضبط کرلیا گیا،انہوں نے بتایا کہ انسدادِ تجاوزات آپریشن کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد کیلئے چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ضلع چکوال میں شاپنگ بیگز کا استعمال روکنے کیلئے کریک ڈاؤن جاری
Apr 16, 2022