اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پا ک فو ج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ 257ویں کور کمانڈرز کانفرنس میںفورم نے اس بات کی توثیق کی کہ عسکری قیادت چیلنجز کی نوعیت کا مکمل ادراک رکھتی ہے اور وہ پاکستان کے عوام کی حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھانے کا عزم رکھتی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جا نب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 257ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔ کانفرنس میں پاکستان کو درپیش بیرونی اور داخلی سلامتی کے چیلنجوں کے علاوہ ملکی اور خطے کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ فورم نے اس بات کی توثیق کی کہ عسکری قیادت چیلنجز کی نوعیت کا مکمل ادراک رکھتی ہے اور وہ پاکستان کے عوام کی حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھانے کا عزم رکھتی ہے۔ کانفرنس نے اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف قومی ردعمل کی مکمل حمایت کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔کانفرنس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ سکیورٹی فورسز مغربی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کا ناسور طویل مدتی بنیادوں پر ختم کرنے کے لیے قوم اور حکومت کو مشترکہ روش اپنانے کی ضرورت ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف منظور شدہ انسداد دہشت گردی کی مہم مکمل نظام کے ذریعے ملک میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور عدم استحکام کے عوامل کا خاتمہ کرے گی۔ فورم نے قومی طاقت کے تمام عناصر کے مربوط نفاذ کے ذریعے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کے طے کردہ اہداف کو حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
کور کمانڈرز کانفرنس