اسلام آباد (خبر نگار + نمائندہ خصوصی + اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق ہو گئے۔ مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے۔ ہائی لکس ریوو ڈالہ جس میں پانچ آدمی سوار تھے نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ پارٹی رہنما مفتی ابرار احمد، مولانا اسجد محمود، آئی جی اسلام آباد ہسپتال پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و امیر جے یو آئی فاٹا مفتی عبدالشکور کی نماز جنازہ آج بوقت دو بجے دن تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔ پولیس ترجمان نے ٹویٹ میں بتایا ڈالے نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ صدر عارف علوی‘ وزیراعظم شہباز شریف‘ فضل الرحمنٰ‘ مریم اورنگزیب، رانا ثنائ‘ آصف زرداری‘ بلاول بھٹو‘ نیئر بخاری‘ غفور حیدری‘ چودھری شجاعت‘ سالک حسین‘ خورشید شاہ‘ شیری رحمنٰ‘ قادر پٹیل‘ سپیکر راجہ پرویز اشرف‘ ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی و دیگر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی اور لواحقین سے اظہار افسوس کیا ہے۔مذہبی امور مفتی عبدالشکور مرحوم کا پوسٹ مارٹم ہوا‘ پولی کلینک ذرائع کے مطابق مولانا کی کئی ہڈیاں فریکچر ہو چکی تھیں‘ ناک اور منہ سے خون جاری تھا‘ سر میں شدید چوٹ لگی‘ میت کو غسل دیکر لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
وزیر مذہبی امور، تعزیت