لاہور + اسلام آباد (خبر نگار + خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ہفتہ کو قومی انتخابات کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ تینوں رہنماو¿ں کے درمیان اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے سیاست دانوں کے درمیان بات چیت ضروری ہے۔ وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین نے سراج الحق کو ان کی کوششوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سراج الحق کے درمیان ملاقات میں طے پایا کہ قومی انتخابات کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ دیگر جماعتوں سے مذاکرات کے سلسلے کوتیز کیا جائے گا اور یہ کہ موجودہ حالات میں ملک کسی مزید سانحہ کا متحمل نہیں ہو سکتا لہٰذا سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کریں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، لیاقت بلوچ، امیر العظیم کو ماڈل ٹاو¿ن پہنچے پر وزیراعظم نے انھیں خوش آمدید کہا۔ وزیراعظم نے سراج الحق کو یقین دلایا کہ اگر جماعت اسلامی قومی معاملات میں کوئی کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو مسلم لیگ (ن) ان سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دونوں اطراف میں یہ بھی طے پایا کہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے دیگر جماعتوں کو بھی قومی مذاکرات میں شامل کیا جائے گا۔ امیر جماعت آئندہ دنوں میں دیگر پارٹیوں کی مرکزی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران یہ نقطہ بھی اٹھایا کہ قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ہر کسی کو ضد اور انا کو قربان کرنا پڑے گا۔ سراج الحق نے شہباز شریف کو باور کرایا کہ ملک کا وزیراعظم ہونے کے ناطے 23کروڑ عوام کی نمائندگی کی ذمہ داری بھی ان کے کندھوں پر ہے۔ لہٰذا انھیں دل اور خیالات کو وسیع کرنا پڑے گا۔ ملک کسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا اور موجودہ حالات سے نکلنے کا بہترین راستہ یہی ہے کہ عوام سے رجوع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں میں آپسی لڑائیاں ملک و قوم کے لیے مزید نقصان دہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں جلد از جلد قومی انتخابات کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں۔ عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات، سراج الحق نے کہا کہ ملک کسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، موجودہ مسائل کا حل کسی عدالت یا اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ممکن نہیں، سیاست دانوں کو ہی فی الفور آگے آنا ہو گا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے سراج الحق اور جماعت اسلامی کی قومی مفاہمت کی کوششوں کی تحسین کی اور انھیں تحریک انصاف کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سیاسی مذاکرات
شہباز،عمران مذاکرات پرآمادہ، مسائل کا حل عدالت یااسٹیبلشمنٹ کے زریعے ممکن نہیں: سراج الحق
Apr 16, 2023