پاکستانی کوششوں کی حمایت ،دوست ممالک سے مزید رقم کی یقین دہانی حاصل کرے:آئی ایم ایف

 اسلام آباد‘ نیویارک (این این آئی) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستانی حکام کی ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف پاکستان ناتھن پورٹر نے کہا کہ پالیسیز پر عمل درآمد کی کوششوں میں مدد کیلئے خاطر خواہ مالی اعانت کے حصول کی ضرورت ہے۔ پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف سٹاف کی حالیہ ملاقاتوں میں مضبوط پالیسیوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستانی حکام کی ان کوششوں کی حمایت کر رہا ہے۔ پاکستان کے اہم دوست ممالک کی طرف سے مالی امداد کے حالیہ اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے کے لیے ایک اور مطالبہ رکھ دیا ہے۔ آئی ایم ایف کے پاکستان کے مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا کہ معاہدے سے پہلے پاکستان اپنے دوست ممالک سے مزید یقین دہانیاں حاصل کرے کہ وہ اس کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے رقم فراہم کریں گے۔ آئی ایم ایف کے مشن چیف نے بزنس ریکارڈر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ہم اہم دوطرفہ شراکت داروں کی جانب سے پاکستان کے لیے مالی تعاون کے حالیہ اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف سٹاف اور منیجمنٹ کے درمیان حالیہ ملاقاتوں میں اس بات پر اتفاق پایا گیا ہے کہ مضبوط پالیسیاں جاری رکھنے اور معقول مالی امداد حاصل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ حکام معاہدے پر عمل درآمد کرا سکیں۔آئی ایم ایف ان کوششوں کی حمایت کر رہا ہے اور امید رکھتا ہے کہ پاکستان درکار مالی تعاون کی یقین دہانیاں جلد سے جلد حاصل کرلے گا تاکہ نویں ای ایف ایف ریویو کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔ آئی ایم ایف کے ایک وفد نے رواں برس فروری میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے اختتام پر سٹاف لیول معاہدے کی توقع کی جا رہی تھی تاہم آئی ایم ایف وفد یہ معاہدہ کیے بغیر واپس روانہ ہوگیا۔ آئی ایم ایف ہر مرتبہ قرض کی قسط جاری کرنے سے پہلے متعلقہ ملک کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ کرتا ہے جس میں کئی شرائط شامل ہوتی ہیں۔ قرض لینے والے ممالک کو ان شرائط پر عمل درآمد کرنا ہوتا ہے۔
آئی ایم ایف

ای پیپر دی نیشن