اب تک مردم شماری کے نتائج جو آرہے ہیں اس میں فراڈ سامنے آیا ہے:حافظ نعیم الرحمان

 کراچی :  جماعت اسلامی کے رہنماحافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مردم شماری جس پیٹرن پر کی جارہی ہے، کسی صورت قبول نہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ مردم شماری میں کم از کم ایک ماہ کی توسیع کی جائے۔

جماعت اسلامی کے رہنماحافظ نعیم الرحمان نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک مردم شماری کے نتائج جو آرہے ہیں اس میں فراڈ سامنے آیا ہے ،  خانہ شماری میں کراچی کے 40فیصد لوگوں کی گنتی ہی نہیں کی گئی. یہ چاہتے ہیں کراچی کی شہری آبادی کو کم کیا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ جنہیں گنا گیا ہے اُنہیں معلوم ہونا چاہیے کہ کیسے گنا گیا ہے، ہم حکومت سے کوئی خیرات نہیں مانگ رہے.بس اتنا کہہ رہے ہیں کہ شہر کی آبادی کی گنتی صحیح سے کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ کم از کم 30سال سے یہ حکومت میں ہیں ، سندھ میں ایک تسلسل سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، ان کے دلوں میں اندرون سندھ کیلئے کوئی محبت نہیں، مردم شماری پر انحصار ہوتا ہے کہ وسائل کی تقسیم کیسے ہوگی، اگر یہ بلدیات کو حق دینے کیلئے تیار ہوجائیں تو بلدیاتی اداروں کو اس سے فائدہ ہوسکتا ہے۔نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے مردم شماری میں کم از کم 1ماہ کی توسیع کی جائے، وزیراعظم ،احسن اقبال بتائیں آپ کی کراچی کے ساتھ کیا دشمنی ہے. کراچی آتے ہیں اور پسند کی پارٹی سے مل کر چلے جاتے ہیں. اسی پسند کی پارٹی نے کراچی کو تباہ کیا ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم اور احسن اقبال کراچی آئیں اور مردم شماری کے مسئلے پر وقت لگائیں، مردم شماری جس پیٹرن پر کی جارہی ہے یہ کسی صورت قابل قبول نہیں، 30اپریل کو ہم بہت بڑا احتجاجی مارچ کریں گے۔حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ گھر گھر جا کر اور بازاروں میں کیمپ لگائیں گے، گلستان جوہر میں بھی کئی جگہ مردم شماری کا عملہ نہیں پہنچا، مردم شماری کا عملہ تربیت یافتہ نہیں ہے. ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ہزاروں بلاکس کوڈ کوختم کر دیا کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کراچی کوئی جزیرہ نہیں، کراچی بولے گا اور اپنا حق لے گا، 11 نشستوں پر انتخاب ہو رہا ہے، وہاں بھی ہم سیٹیں جیتیں گے. جہاں نوٹیفکیشن جاری ہوئے ہیں ان نشستوں پر بھی جدوجہد کریں گے۔امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ سراج الحق تمام سیاستدان سے ملاقات کر رہے ہیں، اس وقت ملک کی صورتِ حال بہت خراب ہے، سیاسی انتقامی کارروائیاں نہیں ہونی چاہیے. علی زیدی کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کل پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے . ہم پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن