بگڑتی ہوئی صورتحال، سوڈان میں مقیم پاکستانیوں کو محدود رہنے کی ہدایت

سوڈان کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورت حال کے پیش نظر خرطوم میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی شہریوں سے سرگرمیاں محدود کرنے اور گھروں سے باہر نہ نکلنے کی درخواست کی ہے۔پاکستانی سفارت خانے نے ٹوئٹر پر اپنا ہیلپ لائن نمبر 0924095119 شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس نمبر کو محفوظ کر لیا جائے تاکہ بوقت ضرورت کام آ سکے۔ہفتے کو پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ سوڈان میں پیدا شدہ سکیورٹی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ بیان کے مطابق خرطوم میں ہزاروں پاکستانی ہیں جن کے تحفظ کے لیے ہمارا مشن ان سے رابطے میں ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں فوج اور نیم فوجی سریع الحرکت فورسز (آرایس ایف) کے درمیان جھڑپوں کے بعد تنازع کے حل کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں ہے کہ مملکت کو سوڈان میں فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جھڑپوں پر گہری تشویش لاحق ہے۔

 
مملکت نے متحارب فریقوں سے ضبط وتحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے اور لڑائی میں شریک فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلح تنازعات کے بجائے بات چیت کا انتخاب کریں۔

دریں اثناء متحدہ عرب امارات نے بھی سوڈان میں کشیدگی میں کمی اور تحمل کا مظاہرہ کرنے اور موجودہ بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔عرب لیگ نے بھی سوڈان کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور فریقین سے کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ سوڈان کی صورت حال ’نازک‘ ہے، لیکن ملک میں سویلین حکومت کے قیام کا عمل مکمل کرنے کا موقع اب بھی موجود ہے۔

ای پیپر دی نیشن