سٹاک مارکیٹ میں بلندی کا نیا ریکارڈ:اندیکس70600پوائنٹس عبورکرگیا،سونا800روپے تولہ مہنگا

کراچی (کامرس رپورٹر) مقامی اور عالمی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مہنگا ہوگیا۔ مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت  800 روپے بڑھ کر  2 لاکھ 47ہزار 300 روپے  ہوگئی جبکہ10 گرام سونے کی قیمت 686 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 12 ہزار 20 روپے پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں بھی 8 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 2371 ڈالر پر پہنچ گیا۔ تاہم مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کے دام2650 روپے پر برقرار رہے۔ ادھر سٹاک  ایکس چینج میں عید الفطر کی طویل تعطیلات  کے بعد گزشتہ روز شروع ہونے والے کاروبار میں  تیزی دیکھی گئی  اور انڈیکس ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ بلندیوں کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ کاروبار میں تیزی کے سبب ایک موقع پر انڈیکس70600 پوائنٹس کی سطح کو عبور بھی کرگیا لیکن بعد ازاں انڈیکس 70544پوائنٹس پر بند ہوا۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستانی وفد کی وزیر خزانہ کی قیادت میں آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت اور پاکستان کیلئے مثبت فیصلوں کی توقعات اور سٹیٹ بینک کی جانب سے یورو بانڈز کیلئے ایک ارب ڈالر کی ادائیگی نے سرمایہ کاروں کو حوصلہ دیا اور انہوں نے عید کے بعد کھلنے والی شیئرز مارکیٹ میں نئی خریداری کی۔ پیر کو بھی مارکیٹ میں تیزی  کے رجحان  سے ملکی تاریخ میں پہلی بار کے ایس ای 100 انڈیکس 70544تک پہنچ گیا۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 64 ارب روپے سے زائد کا اضافہ  ہو گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 98کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔ جبکہ 51.27 کاروباری حجم گزشتہ کاروباری دن کی نسبت   42.58 فیصد زائد رہا۔ نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کمزور پڑ گیا۔ پیر کو انٹربینک میں ڈالر کی قیمت فروخت میں 18 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد انٹر بنک میں ڈالر 277.94 روپے سے بڑھ کر 278.12 روپے پر پہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر پاکستانی کرنسی کو 29پیسے کمزور  کرتا ہوا 279.66روپے پر جا پہنچا۔

ای پیپر دی نیشن