روٹی،نان کی نئی قیمت پر عملدرٓمد کیلئے کریک ڈاون،نانبائی ایسوسی ایشن کے صدر گرفتار،حکومتی نرخ پر نہیں دے سکتے:تندورمالکان


لاہور+فیروز والہ+راولپنڈی (خبر نگار+نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) روٹی نان کی نئی قیمتوں پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ نے کریک ڈاؤن کیا۔ کریک ڈاؤن کے دوران ضلعی انتظامیہ نے 296 روٹی نان پوائنٹس کی چیکنگ کی۔ 46 کو نوٹسز جاری، 19 کو بھاری جرمانے جبکہ 7 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے تحصیل رائیونڈ میں 76، تحصیل سٹی میں 65 انسپکشنز کی گئیں۔ تحصیل کینٹ میں 45، تحصیل ماڈل ٹاؤن میں 40 اور تحصیل شالیمار میں 70 انسپکشنز کی گئیں، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ یوسف نے چار افراد کو گرفتار، 70 ہزار کے جرمانے کئے۔ ڈی سی لاہور نے مزید کہا ہے اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نبیل میمن نے 03 افراد کو حراست اور 90 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے۔ ادھر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت مہنگائی اور گرانفروشی کے خاتمے کیلئے میدان عمل میں ہے۔ تاریخ ساز رمضان پیکج کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اپنے آفس میں ملاقات کیلئے آئے لوگوں سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے بڑا اقدام ہے۔ روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ پرائس کنٹرول کے ادارے روٹی 16روپے اور نان کی 20روپے میں فروخت یقینی بنائیں، فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔ صوبے بھر میں عوام کی فلاحی سکیمیں تیزی سے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔ پنجاب میں صنعتی انقلاب برپا کر کے معیشت کو مستحکم کریں گے۔ نئی سرمایہ کاری لاکر روزگار کے مواقع بڑھائیں گے۔ صوبے کو حقیقی معنوں میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پالیسیوں کو آسان اور سرمایہ کار دوست بنایا جائے گا۔ دوسری جانب پنجاب میں تندور مالکان نے حکومتی ریٹس پر نان اور روٹی دینے سے انکار کر دیا۔ تندور مالکان کا کہنا ہے کہ آٹا اگر سستا ہوا ہے تو ابھی ملا نہیں جبکہ بجلی، گیس اور پٹرول مہنگے ہوگئے تو روٹی نان سستی کیسے دیں۔ دوسری جانب شہریوں نے حکومتی فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا حکومتی اقدام قابل ستائش ہے مگر اس پر عملدرآمد بھی ہونا چاہئے۔ علاوہ ازیں بعض مقامات پر روٹی اور نان کے نئے نرخوں پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ روٹی نان سستا فروخت کرنے کے احکامات   نان بائی تندور مالکان نے ہوا میں اڑا دئیے اور ضلعی انتظامیہ بھی وزیر اعلیٰ کے ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و عملہ مہنگے داموں نان اور روٹی فروخت کرنے والے تنور مالکان کے خلاف موثر کارروائی کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ کے اعلان پر عملدرآمد یقینی بنائے۔پولیس نے صدر آل پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن شفیق قریشی کو روٹی کی قیمت کم کرنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف ویڈیو بیان  کے معاملے پر گرفتار کر  کے مقدمہ درج کر لیا۔ گرفتاری پنجاب حکومت کے احکامات ماننے سے انکار پر مبنی بیان جاری کرنے پر کی گئی، تھانہ بنی پولیس نے ہیڈ کانسٹیبل رضوان ظفر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن