واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایم ایف اور عالمی بنک کے اجلاسوں کا آغاز آج ہوگا۔ وزیر خزانہ کی سربراہی میں پاکستانی وفد شریک ہو گا۔ وزیر خزانہ آئی ایم ایف، عالمی بنک حکام سے ملیں گے۔ ایم ڈی آئی ایم ایف سے قرض کی دو درخواستیں کریں گے۔ یہ درخواستیں ایکسیڈنٹ فنڈ اور کلائمیٹ چینج فنڈ پر ہے۔ مثبت گفتگو یر آئی ایم ایف وفد آئندہ ماہ پاکسان آئے گا۔ پاکستانی وفد 6 سے 8 ارب ڈالر کے قرض کی درخواستیں پیش کرے گا۔ پھر گورنر سٹیٹ بنک اور سیکرٹری خزانہ آئی ایم ایف کو آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ آئی ایم ایف مان گیا تو اگلے ماہ وفد آکر حکام کو بتائے گا کہ اگلا بجٹ کیسے بنانا ہے۔ قرض لینے کیلئے زراعت اور ریئل اسٹیٹ کی ٹیکس وصولی بڑھانا ہو گی۔ ایف بی آر میں اصلاحات تیز اور سرکاری اداروں کی نجکاری کرنا ہو گی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکہ میں سیکرٹری جنرل کلائمیٹ و لنرایبل فورم محمد نشید سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں موسماتی تبدیلیوں اور خطرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کاپ 28 میں پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ہونے والے نقصان پر قائم فنڈ پر گفتگو کی۔ ملاقات میں موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معاشی ٹیم کے ہمراہ دورہ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے امور، مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری، کاروبار میں آسانی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے متعدد شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے حکومتی عزم کو اجاگر کیا۔ پاکستان بزنس کونسل وفد نے حکومت کے معیشت کے حوالے سے اقدامات کو سراہا۔