ایرانی صدر 22اپریل کو پاکستان پہنچیں گے:معاشی تجارتی تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط ہونگے

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ آئی این پی) ایران کے صدر ڈاکٹر محمد ابراہیم رئیسی 22 اپریل کو پاکستان کے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی آئے گا۔ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ ایرانی صدر کی سکیورٹی ٹیم اسلام آباد پہنچ چکی ہے اور ان کی متعلقہ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں۔ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو پہلے ہی حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ ایرانی صدر صدر آصف علی زرداری کے ساتھ باضابطہ ملاقات و مذاکرات بھی ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری ایرانی ہم منصب ڈاکٹر محمد ابراہیم رئیسی کے اعزاز میں پر تکلف ضیافت کا بھی اہتمام کریں گے۔ ایرانی صدر کی وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ بھی ملاقات ہو گی۔ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تجارتی تعاون کے مختلف سمجھوتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کے دورے میں پاک ایران گیس پائپ لائن اور ممکنہ آزاد تجارتی سمجھوتہ بھی اہم ترین نکات کے طور پر شامل ہیں۔ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا صدارت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہو گا۔ شہباز شریف حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد ایرانی صدر پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ مملکت ہیں۔ یاد رہے کہ پاک ایران کشیدگی اور ایران اسرائیل تنازع کے بعد ایرانی صدر کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ ادھر ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ اسرائیلی جہاز پر اگر کوئی پاکستانی موجود ہے تو اسے برادرانہ تعلقات پر چھوڑ دیا جائے گا۔ ایران کے زیر تحویل اسرائیلی جہاز میں پاکستانی عملے کی موجودگی کے معاملے پر ایران کے سفیر رضا مقدم نے کہا کہ زوڈائیک کمپنی کے جہاز پر کسی پاکستانی کے ہونے کی تصدیق کا انتظار ہے۔

ای پیپر دی نیشن