اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 53 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 293 روپے 94 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈیزل کی نئی قیمت 290 روپے 38 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگیا۔ پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں اگلے 15 دن کے لیے ہوں گی۔وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ 15 روز میں عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 69 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 54 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 193 روپے 8 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 174 روپے 34 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 60, 60 روپے فی لٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
پٹرول 4.53،ڈیزل8.14،مٹی کا تیل 6.69روپے لٹر مہنگا
Apr 16, 2024