لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال 28 مئی کو کوالالمپور میں منعقد ہونے والے اے پی او گورننگ باڈی کے اجلاس میں باقاعدہ طور پر شرکت کریں گے اور ایشین پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن (اے پی او ) کا’ قابل ستائش اور ممتاز ایوارڈ 2024 باضابطہ طور پر وصول کریں گے۔ یہ ایوارڈ پورے ایشیا پیسیفک میں ان افراد کو دیا جائے گا جنہوں نے پیداواری صلاحیت میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کیا اور پاکستان کے لئے یہ اعزاز ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا اس ممتاز ایوارڈ کے لئے انتخاب کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ احسن اقبال نے چوتھی مرتبہ وزارت منصوبہ بندی کا چارج اس سال مارچ میں سنبھالا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے شاندار کیریئر میں متعدد منصوبے 2010 اور 2025 کے دوران شروع کئے گئے جن میں سی پیک کا سب سے بڑا منصوبہ،5 ایز فریم ورک، 4 آر ایف، سی پیک کے 5 اکنامک کوریڈور ، نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس، انفراسٹرکچر کے متعدد منصوبے جن میں ایم ایل ون ریلوے لائن کا سب سے بڑا منصوبہ، کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ، گوادر میں بجلی، پانی،سڑکوں، ہسپتالوں سمیت متعدد منصوبے شامل ہیں۔آئی ای پی کے سیکرٹری امیر ضمیر احمد خان سمیت عہدیداران اور دیگر انجینئر رہنماؤں کی جانب سے انجینئر احسن اقبال کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پر انجینئر برادری کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔
احسن اقبال 28 مئی کو کوالالمپور میں اے پی او کاایوارڈ وصول کرینگے
Apr 16, 2024