لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز بھی برائلر مرغی کے گوشت کی گراں فروشی جاری رہی۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 666 روپے مقرر تھی لیکن دکانداروں نے صارفین کو ایک کلو برائلر مرغی کا گوشت 760روپے سے 800روپے تک فروخت کیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ان کو ٹریڈرز زندہ برائلر مقررہ قیمت سے 150 روپے سے 200 روپے زائد میں فروخت کر رہے ہیں، اس صورتحال میں ہمارے لئے برائلر مرغی کا گوشت سرکاری نرخوں پر فروخت کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس ضمن میں پولٹری ایسوسی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ اس وقت اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کا حجم نہ ہونے کے برابر ہے، 4 سے 5 ماہ قبل لوگوں کو پولٹری کے کاروبار میں بڑا پہنچا جس کے باعث وہ برائلر فارمنگ میں سرمایہ کاری نہیں کر رہے ہیں، اس وقت ڈیمانڈ اور سپلائی میں 30سے 40 فیصد کا فرق ہے جس کے باعث سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی فروخت نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں پولٹری گوشت کی صورتحال ٹھیک ہونے میں 6 ماہ سے زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
برائلرگوشت کی سرکاری قیمت 666 روپے، 800 کلو میں فروخت
Apr 16, 2024