لاہور+مری (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں مری کے مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز شریف نے مری کی ڈویلپمنٹ کے لئے جامع پلان طلب کر لیا اور مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر پلاسٹک پر پابندی کا حکم دیا۔ مری میں سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بنانے کیلئے سائٹ اور انٹری کیلئے گاڑیوں کو پرمٹ کارڈ ایشو کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ مری کے لئے دریائے جہلم سے پانی لانے کے لئے واٹر سپلائی سکیم کی اصولی منظوری دی گئی اور موجودہ واٹر سکیم کی بحالی اور فلٹریشن کا منصوبہ بھی طلب کرلیا گیا۔ وزیراعلی نے مری میں پارکنگ کے لئے کیبل کار اور جدید ٹرام چلانے کی ہدایت کی۔ مری میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگانے پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہر بلڈنگ میں پارکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی اور غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی کرکے فوری طور پر گرانے کا حکم دیا۔ نیو مری قائم کرنے کیلئے کوٹلی ستیاں اور دیگر علاقوں میں متبادل سیاحتی مقامات میں ڈویلپمنٹ کیا جائے گا۔ مری میں موٹر وے کی طرز پر صاف ستھرے ٹائلٹ بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں مری کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ تجاوزات کے خاتمے کا حتمی پلان پیش کیا گیا اور منظوری دیدی گئی۔ بس سٹینڈ کو فنکشنل کرنے اور غیر قانونی اڈے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سڑکوں کو ون وے بنانے اور کشادگی کی منظوری بھی دی گئی۔ مری کی سڑکوں پر گڑھے ختم کرنے اور گلیوں بازاروں کو بحال کیا جائے گا۔ جھیکا گلی چوک کی وسعت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نواز شریف نے کہا کہ مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے۔ تعمیراتی معیار مدنظر نہیں رکھا گیا۔ لینڈ سلائڈنگ پوائنٹس پر ہوٹلوں، عمارتوں کی تعمیر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ ماضی میں پیسے کمانا مقصد رہا، تاریخی عمارتوں کا قدیمی حسن تباہ کر دیا گیا۔ سیاحتی مقامات بد انتظامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ شہباز شریف کو مری میں غیر قانونی عمارتیں ہٹانے پر شاباش دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھدے سٹرکچر مری کے قدرتی حسن کو مسخ کررہے ہیں۔ عوام کی زندگی کا تحفظ حکومت کا اولین فرض ہے۔ مریم نواز شریف برستی بارش میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مری پہنچ گئیں۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مری کی اساتذہ اور طالبات وزیر اعلیٰ مریم نواز کو دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئیں۔ وزیر اعلیٰ نے طالبات سے پڑھائی اور دیگر امور کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلی نے طالبات سے دریافت کیا کہ آپ کہاں سے آتی ہیں، کوئی مسئلہ یا ضرورت ہے تو بتائیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بچیوں سے اظہار شفقت کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایک بازو سے معذور بچی کا علاج کرانے کا حکم دیا۔ مریم نواز شریف نے کلرکہار حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے سوگوار فیملیز سے اظہار تعزیت کیا۔
مری کی ترقی کیلئے پلان طلب،سیاحتی مقامات میں بلاسٹک پر پابندی،تاریخی عمارتوں کا حسن تباہ کردیا۔نوازشریف،عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔مریم نواز
Apr 16, 2024