وزیرآباد (نامہ نگار) پولیس نے دھاوا بول کر فیاض چٹھہ کی حمایت میں ہونے والا اجتماع زبردستی منتشر کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماؤں چوہدری محمد اقبال چٹھہ، چودھری احمد حسن چٹھہ ایڈووکیٹ نے اپنے ڈیرہ منچر چٹھہ میں امیدوار صوبائی اسمبلی ضمنی الیکشن پی پی 36 چودھری محمد فیاض چٹھہ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک اجتماع کر رکھا تھا کہ ڈی ایس پی ہاشم گجر پولیس کی بھاری نفری لیکر موقع پر پہنچ گئے اور پروگرام نہ ہونے دیا۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وزیر آباد رانا خلیل احمد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کو حلقہ میں جلسے کرنے کی اجازت جبکہ چودھری محمد فیاض چٹھہ کو انتخابی مہم سے روکا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ایم این ایز کی فوج حلقہ میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہے جبکہ اس حلقہ کے ایم این اے چودھری محمد احمد چٹھہ کو اپنے بھائی کی الیکشن کمپین کرنے نہیں دی جا رہی۔ یہاں پر ایک پرامن پروگرام کو پولیس نے دہشت گردی کا نشانہ بنایا، میں اس کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا چودھری محمد احمد چٹھہ دہشت گرد ہے، اشتہاری ہے؟ پولیس کیوں اس کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین شکست کے خوف سے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ ان کا نعرہ ہے ’’یا پولیس تیرا ہی آسرا‘‘ جبکہ سنی اتحاد کونسل کا نعرہ یا اللہ تیرا ہی آسرا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پولیس نے یہ پروگرام نہ ہونے دیا اور ساری رات اسی جگہ پر بھوکی پیاسی کھڑی رہی جبکہ چوہدری محمد اقبال چٹھہ، احمد حسن چٹھہ ایڈووکیٹ نے ہی انسانی ہمدردی، ڈیرے داری اور وضع داری کا ثبوت دیتے ہوئے ان کی خوب خاطر تواضع کی۔