دبئی میں طوفانی بارش، دن میں اندھیرا چھا گیا

Apr 16, 2024 | 17:35

ویب ڈیسک

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر دبئی میں طوفانی بارشیں ہوئیں جہاں دن میں اندھیرا چھا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دبئی کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے جس کے باعث سڑکیں تالاب بن گئیں۔

یو اے ای حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ صرف انتہائی ضروری کام کی صورت میں گھروں سے نکلیں۔ 

حکام نے عوام سے یہ بھی کہا کہ وہ زیادہ پانی والی جگہ سے دور تھوڑے اونچے مقام پر اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیل پارک کریں۔ 

عرب میڈیا کے مطابق اسکولوں کو فوری طور پر آن لائن کردیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری ملازمین کو آئندہ دو روز کےلیے گھر سے کام کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ 

بارش کے باعث متعدد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں جبکہ شدید ژالہ باری سے کئی گاڑیوں کی ونڈ اسکرینز بھی ٹوٹ گئیں۔ علاوہ ازیں کچھ علاقوں میں بجلی کی بندش کی شکایتیں بھی سامنے آئیں۔ 

ادھر عمان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں شمال اور مشرق میں کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

موسمی صورتحال کے باعث 5 صوبوں میں دفاتر میں کام معطل کردیا گیا ہے، حکام نے لوگوں کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کردی۔

مختلف حادثات میں 17 افراد ہلاک ہوگئے، سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے سے زیادہ تر اموات ہوئیں، جن میں سے 9 اسکول کے بچے تھے۔ عمان میں مزید بارشوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے

مزیدخبریں