لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ 2013ءکے لئے پاکستان کے 18 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہاکی ورلڈ لیگ کھیلنے والی ٹیم میں شامل عمران شاہ، رضوان سینئر اور عباس حیدر ٹیم مینجمنٹ کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے جبکہ سابق کپتان و گول کیپر سلمان اکبر، عامر شہزاد، دلبر حسین اور علی شان ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ایشیا کپ کے 18 رکنی سکواڈ میں سلمان اکبر، عمران بٹ، محمد عمران، وسیم احمد، محمد عرفان، رضوان جونیئر، محمد توثیق، راشد محمود، فرید احمد، عامر شہزاد، وقاص شریف، شفقت رسول، عبدالحسیم خان، شکیل عباسی، محمد زبیر، علی شان، دلبر حسین اور عمر بھٹہ شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اختر رسول نے معاون کوچ طاہر زمان کے ہمراہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ گولڈ میڈل ہمارا ہدف ہے جس کو حاصل کرنے کے لئے نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ عمران بٹ اور عمران شاہ گذشتہ ایک ڈیڑھ سال سے قومی ٹیم کے ساتھ وابستہ ہیں جن کی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر عمران بٹ کو سلمان اکبر کے ساتھ ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں ٹیم کو ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں گولڈ جبکہ چیمپئنز ٹرافی میں برانز میڈل جتوایا ہے۔ ورلڈ کپ تک رسائی کے لئے ایشیا کپ جیتنا ہمارا ہدف ہے جس کے لئے تمام کھلاڑی بھی پوری طرح سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی دعاوں اور اﷲ کی مدد کی ضرورت ہے۔ اختر رسول نے کہا کہ ٹیم میں جگہ نہ بنا سکنے والے کھلاڑیوں کے لئے پاکستان ہاکی کے دروازے بند نہیں ہوئے ہیں محنت اور اچھی کارکردگی سے ٹیم میں دوبارہ جگہ بنا سکتے ہیں۔ اس موقع پر کوچ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ ٹیم کی کمزوریوں کو دور کیا جا سکے۔ حال ہی یورپ کا دورہ کرنے والی جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹس کو مدنظر رکھ کر موقع دیا گیا ہے۔ ایشیا کپ میں شریک ٹیموں کا ویڈیو کی مدد سے بھی انالسٹ کیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کو اس کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ تربیتی کیمپ میں ٹیم کے اس تمام شعبوں پر توجہ دی گئی ہے۔ انشااﷲ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔