جہانیاں (آن لائن) خانیوال میں ٹریفک حادثے میں ایک طالبہ اور بچے سمیت چھ افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہوگئے جن میں سے دس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ خانیوال کی تحصیل جہانیاں میں پیش آیا جہاں رائل ایکسپریس کمپنی کی کوسٹر نمبر JB/2668 صادق آباد سے مسافروں کو لے کر فیصل آباد جا رہی تھی کہ جہانیاں بائی پاس پر مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر نمبر TLD/614 کے ساتھ ٹکرا گئی جس سے رحیم یار خان کی رہائشی طالبہ حرا فاطمہ دختر محمد اختر اور 12سالہ بچہ سہیل احمد ولد سعید احمد سکنہ خان پور سمیت 6 مسافر جاں بحق ہو گئے 3 مسافروں کی شناخت نہ ہو سکی ہے۔ ہسپتال ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ کے باعث مرنےو الوں کے چہرے مسخ ہو چکے تھے جس کی وجہ سے شناخت ممکن نہ ہو سکی ہے ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی جہانیاں مہر شعیب ،ایس ایچ او چوہدری ذوالفقار اولکھ، گشت پر مامور ایلیٹ فورس ،پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ بعد میں ریسکیو کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیںاورزخمیوں کو نکال کر قریبی ہسپتال پہنچایا جبکہ کوسٹر کی باڈی کاٹ کر نعشوں کو باہر نکالا گیا۔ ہسپتال ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال میں15زخمیوں کو لایا گیا ہے جن میں مظہر سکنہ لاڑکانہ ،محمد اعظم سکنہ رحیم یار خان،حبیب الرحمن سکنہ رحیم یار خان،احمد خبیب سکنہ صادق آباد،نائلہ بی بی سکنہ صادق آباد،اسد منیر سکنہ صادق آباد،،عظمیٰ نعیم سکنہ صادق آباد،محمد نعیم سکنہ صادق آباد،محمد شہباز سکنہ خان پور،عبدالحسیب،فرح سکنہ رحیم یار خان،محمد سعید اور فیصل سکنہ خان پور شامل ہیں۔بیشتر زخمیوں کے بازو اور ٹانگیں ٹوٹ گئیں جبکہ تین زخمیوں کے بازو جسم سے علیحدہ ہو گئے شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال اور نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق حادثہ صبح 3بجے پیش آیا بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور کو اونگھ آنے سے حادثہ پیش آیا حادثہ کے بعدٹرالر اور کوسٹر کے ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔