گردشی قرضے 300 ارب ڈالر سے کم ہوکر 244 ارب روپے کی سطح پر آگئے: نرگس سیٹھی

Aug 16, 2014

اسلام آباد (آئی این پی) سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی نے کہا ہے گردشی قرضے وزارت پانی و بجلی کی کوششوں کے نتیجے میں 300 ارب ڈالر سے کم ہوکر 244 ارب روپے کی سطح پر آگئے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں بجلی چوری روکنے کیلئے ڈاکٹر مصدق فارمولے کی منظوری جس کے تحت ایس ڈی اوز کو خصوصی مراعات دینے اور فیڈرز کی الگ الگ مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ جمعہ کو وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی کے شعبے کے مسائل کے حل کیلئے قائم کی گئی خصوصی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی نے بجلی کے شعبے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا توانائی کے شعبے کے گردشی قرضے جو 300 ارب روپے تک پہنچ گئے تھے‘ کم ہوکر 244 ارب روپے ہوگئے ہیں جس کیلئے وزارت پانی و بجلی کے افسران نے دن رات کام کیا ہے۔ وزیر خزانہ نے اس حوالے سے وزارت پانی و بجلی کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا گردشی قرضے کم کرنے اور واجبات کی وصولی کیلئے کوششوں کو دوگنا کیا جائے۔ نیز کمیٹی نے بجلی چوری کی روک تھام کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک کے فارمولے کی منظوری دے دی جس کے تحت تمام فیڈرز کی الگ الگ مانیٹرنگ کی جائے گی اور بجلی چوری کم کرنے کیلئے نتیجہ خیز کوششیں کرنے والے ایس ڈی اوز کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔

مزیدخبریں