کراچی(این این آئی)فیڈرل بورڈآف ریونیو( ایف بی آر) نے ٹیکسوں میں چھوٹ کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے صنعتی خام مال کی درآمد کے لیے ٹیکس سے چھوٹ کے سرٹیفکیٹ کی مدت 6ماہ مقرر کردی ہے۔جس کا باقاعدہ طور پرنوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صنعتکاروں کو خام مال کی درآمد کے لیے ٹیکسوں سے چھوٹ کے لیے جاری کردہ ایگزمشن سرٹیفکیٹ 6 ماہ کی مدت کے لیے کار آمد ہوگا اور پھرایگزمشن سرٹیفکیٹ دوبارہ حاصل کرنا ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس چھوٹ کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ایگزمشن سرٹیفیکیٹ کے اجرا کا پروسیجر بھی سخت بنادیا گیا ہے، ایگزمشن سرٹیفیکیٹ کے تحت درآمدی خام مال صرف ذاتی صنعتی یونٹس میں حتمی اشیا کی تیاری میں استعمال ہوسکے گا۔اس کے علاوہ ٹیکس دہندگان کو درآمدی خام مال کی اصل نوعیت بتانا ہوگی تاکہ پاکستان کسٹمز ٹیرف کوڈ کے تحت مانیٹرنگ کی جاسکے، اس کے علاوہ ٹیکس دہندگان کو درآمدی خام مال کی مقدار بھی بتانا ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیاکہ کمشنر انکم ٹیکس کو ایگزمشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے ایف بی آر کی طرف سے عائد کردہ شرائط کو پورا کرانا ہوگا۔
درآمدی صنعتی خام مال میں ٹیکس استثنیٰ سرٹیفیکیٹ مدت 6 ماہ مقرر
Aug 16, 2014