اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی دارالحکومت میں آزادی اور انقلاب مارچ کی آمد سے قبل جمعہ کی شام تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کے باعث موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔ شدید گرمی اور حبس میں کے پی کے، آزاد کشمیر اور دارالحکومت کے مضافاتی اضلاع سے آئے تحریک انصاف اور پی ٹی اے کے ہزاروں کارکنوں نے بارش کو اپنے لئے تائید ایزدی اور رحمت قرار دیتے ہوئے سکھ کا سانس لیا۔ جمعہ کی شام چار بجے کے بعد وفاقی دارالحکومت پر کالے بادل چھا گئے، اندھیرا چھا جانے سے غروب آفتاب کا منظر بن گیا، گاڑیوں کو اس وقت اپنی لائٹس جلانا پڑیں۔ جوں ہی ٹی وی چینلز پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی پریس کلب میں پریس کانفرنس ختم ہوئی تو موسلادھار بارش شروع ہو گئی جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ بعض منچلے کارکن بارش میں بھیگتے رہے اور بعض نے برستی بارش میں ڈانس کر کے انجوائے کیا۔
آزادی، انقلاب مارچ: اسلام آباد پہنچنے سے قبل موسلادھار بارش، کارکنوں نے تائید ایزدی اور رحمت قرار دیدیا
Aug 16, 2014