کراچی(نیٹ نیوز) امریکی اخبار’’وال سٹریٹ جرنل‘‘ نے پاکستان کی سیاسی صورت حال پر لکھا ہے کہ اندرونی ذرائع کا کہنا ہے فوج مظاہرین اور حکومت کے درمیان ثالثی کیلئے کردار ادا کر رہی ہے۔ خاص طور پر کچھ سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ ایک روز قبل جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، اور شہباز شریف کی ملاقات اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ اس ملاقات کے بعد وزیر داخلہ نے کہا کہ اس پورے معاملے پر پاکستان کی مسلح افواج ملوث نہیں ہیں۔ اس سیاسی تنازع کے حل کے لئے مظاہرین بھی فوج کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان قبل از وقت انتخابات اور وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن نوازشریف کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہے۔ امریکی تھنک ٹینک سٹریٹ فور کے نائب صدر کامران بخاری کہتے ہیں کہ فوج اقتدار نہیں سنبھالنا چاہتی۔خاص کر قبائلی علاقوں میں فوج عسکریت پسندوں کے ساتھ آپریشن میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب حکومت عمران خان اور طاہر القادری کی طرف سے خطرات سے نمٹنے کی کوشش میں ہے ۔