لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب پولیس میں مرد اور خواتین کانسٹیبلوں کی بھرتی کے لئے ہونے والی دوڑ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ متاثرہ امیدواروں کی جانب سے نصرت جوئیہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ شیڈول کے مطابق ایک میل کی دوڑ کے لئے سات منٹ کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔ دوڑ صبح چھ بجے شروع ہونا تھی مگر جاری کردہ شیڈول کے برعکس ایک میل کی دوڑ پانچ منٹ میں ختم کرنے کا کہا گیا۔امیدواروں کو چھ گھنٹے انتظار کرانے کے بعد صبح چھ بجے کی بجائے دوپہر بارہ بجے بھوکے پیٹ سخت گرمی اور حبس میں دوڑایا گیا۔ پولیس اہلکارو ں نے پیسے لے کر من پسند امیدواروں کو گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ذریعے منزل تک پہنچایا جو کہ انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔