کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے وزیر کھیل نے لیگی وزراءکو فٹنس کا چیلنج کر دیا۔ سردار محمد بخش مہر نے گذشتہ روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیر کھیل اور دیگر وزرا فٹ ہیں تو میرے 50 پش اپس کا سامنا کر لیں میں خطروں کا کھلاڑی ہوں، چیلنج سے گھبراتا نہیں، خود بھی فٹ ہوں اور سارے کھلاڑیوں کو فٹ رکھنا چاہتا ہوں۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے ایم این اے طلال چودھری نے کہا کہ عوامی عہدوں پر بیٹھ کر ذاتی فٹنس کے چیلنج نہیں کئے جاتے۔ سندھ کے وزیر کھیل آئیں اور مقابلہ کر لیں کہ سندھ اور پنجاب میں زیادہ کہاں کھیل کی سہولتیں ہیں۔ آئیں صفائی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مقابلہ کر لیں۔ ذاتی امور پر مقابلہ عوامی نمائندوں کو زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ میں سردار بخش مہر سے ذاتی فٹنس مقابلے کے لئے بھی تیار ہوں۔ دریں اثناءپنجاب کے وزیر کھیل آصف سعید نے سردار بخش مہر کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ سندھ کے وزیر کھیل کھیلوں کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔ قائد سپورٹس فیسٹیول میں پنجاب نے 130 اور سندھ نے 20 گولڈ میڈل لئے۔ وزیر کھیل سندھ پہلے اپنا موازنہ کریں پھر چیلنج کریں۔ چیلنج کرنا ہے تو کارکردگی کی بنیاد پر کریں۔ پنجاب نے کھیل میں جتنی ترقی کی ہے سندھ کا اس سے موازنہ کر لیا جائے۔ وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی نے پش اپ کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں 50 پش اپ سے زائد لگاکر دکھاﺅں گا جسے شوق ہے میدان میں آ جائے۔ محمد بخش مہر کو 100کلو وزن اٹھانے کا چیلنج کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں سندھ کے وزیر کو ٹکٹ بھجواتا ہوں وہ فیصل آباد میرے گھر آئیں پھر میچ ہو گا۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے اپنے ردعمل میں کہا جسمانی سے زیادہ ذہنی فٹنس کی ضرورت ہوتی ہے اگر فٹنس کا یہی معیار ہے تو اس حساب سے وزیراعلیٰ سندھ کو 500پش اپ لگانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیر کھیل ذہنی طور پر ان فٹ ہیں۔
وزیر کھیل سندھ
میرے 50 پش اپس کا مقابلہ کرلیں‘ سندھ کے وزیرکا چیلنج‘ عابد شیر علی اور طلال چودھری نے قبول کرلیا
Aug 16, 2016