سکولوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے ہر بچہ عزیز ہے : شہباز شریف

Aug 16, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے کا ہر بچہ مجھے عزیز ہے۔ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ان کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ پنجاب حکومت کے متعلقہ اداروں کے موثر اقدامات کے باعث بچوں کی گمشدگی کے واقعات میں خاطرخواہ کمی ہوئی ہے، تاہم جو بچے ابھی تک لاپتہ ہیں ان کی تلاش کیلئے محنت سے کام کیا جائے اور اس ضمن میں تمام حقائق منظر عام پر لا کر تسلسل کے ساتھ ضروری اقدامات اور کاوشیں جاری رکھی جائیں۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار لاپتہ بچوں کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایسا موثر نظام وضع کیا جائے کہ آئندہ بچوں کی گمشدگی اور لاپتہ ہونے کا واقعہ سامنے نہیں آنا چاہئے کیونکہ بچے کی گمشدگی پر والدین کو جس کرب سے گزرنا پڑتا ہے یہ وہی جانتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ایڈووکیٹ جنرل اور سیکرٹری پراسیکیوشن کو ہدایت کی کہ لاپتہ بچوں کے کیسوں کو جلد نمٹانے کیلئے بھی تندہی سے کام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سکولوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے اور سکول جانے والے بچوں کے تحفظ کیلئے وضع کردہ پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں کی حفاظت اور تحفظ کیلئے محنت اور تندہی سے کام کیا جائے۔ پولیس افسر خود سکولوں کے دورے کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور سکولوں کے اردگرد پولیس پٹرولنگ بڑھائی جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی- شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، یہی وجہ ہے کہپنجاب حکومت نے نوجوانوںکو بااختیار بنانے کیلئے متعد انقلابی نوعیت کے پروگرام شروع کر رکھے ہیںاور نوجوانوں کی ترقی، انہیں بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے جاری پروگراموں کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں- نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کیلئے” ای۔روزگار تربیتی پروگرام“ بھی شروع کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو با اختیاربنانا ان کا حق ہے اور پنجاب حکومت یہ حق نوجوانوں کو لوٹا رہی ہے- نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے اور نوجوانوں کو بااختیار بنا کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیرکریں گے- وزیراعلیٰ نے یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے شاندار سکیورٹی انتظامات پر شاباش دی۔ ادھر شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے مل کر آگے لے کر جانا ہے۔ شہباز شریف نے سکوائش کے سابق ورلڈ جونیئر چیمپیئن سہیل قیصر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف

مزیدخبریں