پرخلوص جذبہ حب الوطنی تعمیر پاکستان کی اساس ہے: وائس چانسلر جامعہ گجرات

گجرات (نامہ نگار)پُرخلوص جذبہ حُب الوطنی تعمیر ِپاکستان کی اساس ہے۔پاکستان کی اساسی بنیادوں کو مضبوط کرکے ہی ہم ترقی کی سنہری منازل کی جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔ پاکستانیت کا فروغ ہی وہ لازوال جذبہ ہے جو ملکی ترقی کا بہترین نصب العین ہے۔ پاکستان ہماری آرزئووں اور اُمنگوں کی وہ حسین سرزمین ہے جو ہمیں ہمارے وجود کا احساس دلاتی ہے۔ جامعہ گجرات کی تمام کاوشیں اپنے طلبہ میں پاکستانیت کے فروغ پر مرکوز ہیں۔ تعلیم و آگہی کا شعور ہمیں اپنے فرائض اور ذمہ داریوں سے روشناس کرواتا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے جامعہ گجرات میں جشن آزادیٔ پاکستان کے حوالے سے سیمینار’’استحکام و ترقی ٔ پاکستان ‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کے مہمان مقررین میں رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل، صدر شعبۂ تاریخ پروفیسر ڈاکٹر جاوید حیدر سید، ڈائریکٹر میڈیا شیخ عبدالرشید، کنسلٹنٹ بی آئی سی محمد حیدر معراج،چیئرپرسن شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر مبشر حسین، چیف لائبریرین سید غلام علی کاظم اور طلبہ نمائندگان محمد ارسلان اور ابرار حسین شامل تھے۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مزید کہا کہ معاشرہ میں شدت پسندی کا خاتمہ اجتماعی کاوشوں کے ذریعے ممکن ہے۔ ڈاکٹر طاہر عقیل نے کہا کہ فرائض کی ایمانداری اور نیک نیتی سے ادائیگی استحکام پاکستان کی جانب ایک اہم قدم ہے شیخ عبدالرشید نے کہا کہ آزادی ایک ایسی نعمت بے بہا ہے جس کا بدل ممکن نہیں پروفیسر ڈاکٹر جاوید حیدر سید نے کہا کہ ہندوؤں کے ناروا سلوک نے پاکستان کے مطالبہ کو تقویت دی۔ محمد حیدر معراج نے کہا کہ نسل نو کی کاوشیں ہمارے جذبہ آزادی کی پاسبان ہیں پروفیسر مبشر حسین نے کہا کہ طلبہ کی نسل نو میں جدید علوم کا شعور ترویج ہی اصلاً پاکستان قومی خدمت ہے سید غلام علی کاظم نے کہا کہ نسل نو میں مطالعہ کے رحجان اور کتاب دوستی کی روایت دینا ہمارا قومی فریضہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن