اسلام آباد(صباح نیوز)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پارٹی میں انتشار پھیلانے اور ان کا ساتھ دینے والوں کی بنیادی رکنیت ختم کی جاتی ہے۔ فسادی آل پاکستان مسلم لیگ کے کامیاب جلسوں پر حیران ہیں، ’’کھیلیں گے نہ کھلنے دیں گے‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ فسادی پارٹی صدر تو کیا پارٹی رکن بھی نہیں ہیں۔ پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد تھے اور وہی رہیں گے، پارٹی کے مرکزی دفتر سمیت صوبائی دفاتر بھی وہی ہیں جو پہلے تھے۔ قوم کو یوم آزادی مبارک ہو، خداکرے پاکستان ہمیشہ سلامت رہے۔ پرویز مشرف نے پارٹی کارکنان کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اے پی ایم ایل کے ملیر کراچی اور فیصل آباد میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ منعقد ہوئے کامیاب جلسوں پر انتظامیہ اور اتحادیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم آنے والے دنوں میں اس اتحاد کو مزید مستحکم صورت میں دیکھیں گے۔ فیصل آباد کے جلسے میںگلگت سے لے کر کراچی تک پارٹی کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد اور چاروں صوبائی صدور کی محنت سے یہ جلسے کامیاب ہوئے۔
کارکن فسادیوں کی باتوں میں نہ آئیں پارٹی قیادت سے تعاون کریں: مشرف
Aug 16, 2017